جموں18جون(آئی این ایس انڈیا)نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ نے ریاست کی بی جے پی۔ پی ڈی پی حکومت پر انہیں کئی برسوں سے ملی ہوئی زیڈ سیکورٹی چھیننے کا الزام لگایا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کئی مہینوں سے بدنیتی کے سبب ان کی سیکورٹی کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے تاکہ انہیں راستے سے ہٹایا جاسکے۔ پروفیسر بھیم سنگھ چینانی میں39ویں سد مہادیو کی قومی یکجہتی کونسل کی میٹنگ میں شرکت کیلئے نکلے ہیں۔پروفیسر بھیم سنگھ نے ریاست کی بی جے پی ۔پی ڈی پی حکومت پر پنتھرس پارٹی کے لیڈرجموں شہر کے زونل صدر نیرج گپتا پر اس مہینے کی 16تاریخ کوقاتلانہ حملے کا الزام لگایا ۔ اس واقعہ میں رشی بدیااوردیگرزخمی بھی ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنتھرس پارٹی جموں شہر میں چند روز قبل ہوئے حملے کی جوڈیشیل انکوائری کرانے اور پنتھرس پارٹی کارکنوں پر قاتلانہ حملہ کی تفتیش کیلئے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرے گی۔ یہ پارٹی کارکن پرامن طریقہ سے جموں شہر میں چند روزقبل ہوئے حملے کی جوڈیشیل انکوائری کرانے کا مطالبہ کررہے تھے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاکہ دو روزہ قومی یکجہتی میٹنگ سدھ مہادیو میں ہوگی جہاں بھگوان شیو نے سدھ راکشس کو پانچ ہزار برس قبل قتل کیاتھا۔اس پریس کانفرنس میں جنرل سکریٹری محترمہ انیتا ٹھاکر اور جموں سٹی کے زونل صدر نیرج گپتا بھی موجودتھے۔